31 جنوری ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اتحادی کو سوتن نہيں سمجھنا چاہیے اور وعدے پورے ہونے چاہئيں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ حکومت چلے اور مدت پوری کرے، ہم سے کیے گئے وعدے پورے ہونے چاہئیں اور اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے۔
حکومتی کمیٹی کے حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت کی پہلی کمیٹی سے مذاکرات کے بعد معاملات بہتری کی طرف چل رہے تھے، اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے جس کی سمجھ نہیں آئی۔
ان کا کہنا ہے کہ کوشش ہوتی ہے کہ صبر کے ساتھ چلیں، طے شدہ باتوں کی یقین دہانی کرواتے رہتے ہیں، جانتے ہیں کہ حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ق) تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے جو مرکز اور پنجاب میں حکومتوں میں شامل ہیں۔
گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ق) نے وعدے پورے نہ ہونے پر حکومت سے ناراضی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں ق لیگ نے حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دی تھی۔