01 فروری ، 2020
اسلام آباد: برطانیہ کے بعد امریکا نے بھی پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کردی۔
24 جنوری کو پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو میں بتایا تھا کہ پاکستان میں امن عامہ کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ نے اپنے شہریوں کیلئے پاکستان کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کردی ہے۔
برطانیہ کے بعد اب امریکا نے بھی اپنی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کی ہے جس کا پاکستان نے خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق امریکی ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان میں امن و امان میں بہتری کو تسلیم کیا گیا اور امریکی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی درست سمت میں قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو دوبارہ اپنے عملے کےلیے فیملی اسٹیشن قرار دیا ہے جبکہ برطانیہ نے بھی پاکستان سے متعلق سفری ہدایت نامہ میں تبدیلی کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یورپی ممالک جرمنی اور فرانس کے پاکستان میں سفیروں نے جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں کہا تھا کہ فرانس اور جرمنی نے پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری (سفری ہدایات) نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔