Time 24 جنوری ، 2020
پاکستان

برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی سے سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے حوالے سے برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کو بڑی خوشخبری قرار دیا ہے۔ 

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ پاکستان میں امن عامہ کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ نے اپنے شہریوں کے لیے پاکستان کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری (سفری ہدایات) میں تبدیلی کردی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی ٹریول ایڈوائزری میں برطانوی شہریوں کے لیے پاکستان کے شمالی علاقوں کا سفر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ بلاشبہ یہ ایک بڑی خوشخبری ہے جس سے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی سے ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور پاکستان کو درپیش دو اہم ترین معاشی مسائل یعنی روزگار کی فراہمی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حل میں مدد ملے گی۔

ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ قوم اور مسلح افواج کو جاتا ہے: وزیرخارجہ

برطانیہ کی ٹریول ایڈوازری میں تبدیلی کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ قوم اور مسلح افواج کو جاتا ہے اور یہ ایک بڑی پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی سے بڑی خوشی ہوئی، میری برطانوی وزیرخارجہ سے بھی اس حوالے سے بات ہوئی تھی جبکہ امریکی صدر سے بھی ہم نے اس حوالے سے بات کی ہے۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور ملائیشیا سے سیاحت سے متعلق بات چل رہی ہے اور توقع ہے کہ تینوں ممالک سیاحت کے فروغ میں ہماری مدد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی ہے کہ سعودی عرب سیاحت سے متعلق سرمایہ کاری کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یورپی ممالک جرمنی اور فرانس کے پاکستان میں سفیروں نے جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں کہا تھا کہ فرانس اور جرمنی نے پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری (سفری ہدایات) نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید خبریں :