Time 02 فروری ، 2020
پاکستان

کراچی سرکلر ریلوےکیلئے سندھ حکومت کو زمین دینےکا فیصلہ

سپریم کورٹ نے ہمیں گائیڈ لائنز دی ہیں اور ہم سے بزنس پلان مانگا ہے،شیخ رشید ،فوٹو:فائل

وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کےلیے ریلوے کی زمین سندھ حکومت کو دینےکا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ انہیں ایم کیوایم کا نہیں معلوم، وہ تو سپریم کورٹ کے حکم پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملنے کراچی آئے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ہمیں گائیڈ لائنز دی ہیں اور ہم سے بزنس پلان مانگا ہے، ہم تمام ریلوے کے اسکول اور اسپتال پرائیویٹ پارٹنرز کے ساتھ مل کر چلائیں گے،ریلوے کے خسارے میں 4 ارب روپے کم کیے، آئندہ 6 ارب کریں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کے سی آر کے لیے 38 کنال زمین خالی کر والی ہے جب کہ مزید 5 کنال زمین پر قبضہ ختم ہونا باقی ہے ،اپنی زمین سندھ حکومت کو دینے کے لیے تیار ہیں، 5کنال اراضی وا گزار کرانے کے لیے کل وزیراعلٰی سندھ سے بات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کا منصوبہ پہلے مکمل ہو گا یا کراچی سرکلر ریلوے کا، یہ ابھی نہیں بتا سکتا،کراچی ریلوے کی شہہ رگ ہے، اسے نظر انداز کیا گیا۔فریٹ ٹرین کے لیے متعلقہ افسران کو کراچی ٹرانسفر کیا جارہا ہے کیونکہ کراچی سے ہی معاشی معاملات کو چلایا جاسکتا ہے۔

'سانحہ تیز گام سے متعلق رپورٹ کلیئر نہیں'

وزیر ریلوے نے تیز گام حادثے کے حوالے سے کہا کہ پہلے سیلنڈر پھٹے یا پہلے شارٹ سرکٹ ہوا، اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا،سانحہ تیز گام سے متعلق رپورٹ کلیئر نہیں ،3 افسران کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

کرونا وائرس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ وائرس پاکستان کی معیشت کے لیے بہت بڑا امتحان ہے،چین سے فائبر اورمختلف چیزوں کی درآمدات بند ہوگئی ہے،کوشش ہے صورتحال سے نکل جائیں۔

مزید خبریں :