Time 02 فروری ، 2020
پاکستان

مہنگائی کا سونامی پاکستان کی معیشت کھاگیا: شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مہنگائی میں مزید اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی بڑھنا معاشی پالیسیوں کی ناکامی کی دلیل ہے۔

اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  مہنگائی کا سونامی پاکستان کی معیشت کھا گیا ہے، غریب اور ان کے خواب دفن ہو کر رہ گئے ہیں، زرعی ملک کو تباہ کرنے کی پالیسی پر عمل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزید 18 فیصد پاکستانیوں کا غربت کی لکیر سے نیچے جانا معاشی تباہی و بربادی کے اثرات ہیں، نواز شریف نے مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اسے آزاد کر کے آدم خور دیو میں بدل دیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ عمران دور حکومت میں مافیاز مالی فائدے اٹھارہے ہیں، نالائق، نااہل اور کرپٹ ٹولے کا 11 ہزار ارب کا قرض اژدہا بن کر معیشت اور عوام کو نگل رہا ہے، حکمران ٹولہ نا صرف ملی بھگت سے کرپشن کر رہا ہے بلکہ سنگدلی کی حد تک نالائق اور بے حس بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی اس جہنم میں قوم بالخصوص غریب ترین لوگ کیسے زندہ رہیں گے؟ غریب بجلی گیس کے بل دے تو بچوں کی فیس رہ جاتی ہے، والدین کاعلاج کرائے تو کھائے کیا؟ ظلم کی یہ انتہا قہرالٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور رواں سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔

ادارہ شماریات پاکستان کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.6 فیصد تھی جو جنوری 2020 میں بڑھ کر 14 اعشاریہ 6 فیصد ہو گئی جب کہ جنوری 2019 میں یہ شرح 5.6 فیصد تھی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی عوام مشکل سے گزررہے ہیں اور اس وقت لوگوں کی زندگیاں مشکل میں ہیں۔

مزید خبریں :