03 فروری ، 2020
جیون ساتھی اور محبت کی تلاش میں ایک شخص نے انوکھی ہی حرکت کر ڈالی جو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہو رہی ہے اور ان کا یہ طریقہ کار آمد بھی ثابت ہوا۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مارک روف نامی نوجوان نے جیون ساتھی کی تلاش کے لیے عام طریقوں سے ہٹ کر کچھ مختلف کیا اور ان کے اس انوکھے طریقے کے بعد انہیں بے شمار لڑکیوں کی فون کالز بھی موصول ہونے لگیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مارک روف نے جیون ساتھی کی تلاش کے لیے انوکھا طریقہ اپناتے ہوئے 425 برطانوی پاؤنڈ (یعنی تقریباً 87 ہزار)خرچ کر کے مانچسٹر کے سب سے مصروف روڈ پر ایک بڑے بل بورڈ پر اشتہار لگوا دیا۔
مانچسٹر کی مقبول ترین سڑک پر اس بڑے سے بل بورڈ کے اشتہار میں محبت کے متلاشی نوجوان کی تصویر کے ساتھ لکھا تھا کہ ’اگر آپ سنگل یعنی اکیلے ہیں تو اس بات کا اشارہ ہے کہ جس کا آپ کو انتظار ہو سکتا ہے‘۔
اس شخص کی جانب سے بل بورڈ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ میں بل بورڈ پر ہوں، مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ میں نے اپنے بال کیوں نہیں کٹوائے۔
30 سالہ مارک روف کا کہنا ہے کہ بل بورڈ پر یہ اشتہار دینے کے بعد انہیں لڑکیوں کی بے شمار فون کالز آ رہی ہیں اور اب تک ان سے 100سے زائد لڑکیاں بات کر چکی ہیں۔