04 فروری ، 2020
قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی کشمیروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا جس میں قرارداد قائد ایوان شبلی فراز نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستانی عوام کے جذبات کی عکاسی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بہادر کو سلام کرتا ہے۔
قرارداد کے مطابق آزادی کے حصول کے لیے بھارتی تسلط کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا، مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو ختم کرنے کے حوالے سے بھارت کی غیر قانونی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیاگیا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے خلاف مظالم پر نریندر مودی اور آر ایس ایس کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چلایا جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام، حکومت اور پارلیمنٹ کشمیری عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے، بھارت کا جنگی جنون علاقائی امن اور استحکام کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے اور بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کی قرارداوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا اور ملک میں بھر میں کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کے لیے ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے۔