دنیا
Time 04 فروری ، 2020

برطانیہ میں پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں پر 2035 تک پابندی لگادی جائے گی

2050 تک کاربن فری ملک کا ہدف ہمارے لیے انتہائی اہم ہے،فوٹو:فائل

برطانیہ نے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے 2035 کے بعد پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت پر پابندی کا اعلان کردیا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اس پالیسی کا اعلان اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والی ماحولیاتی مسائل سے متعلق کانفرنس کے دوران کیا۔

برطانیہ کی جانب سے اس پالیسی پر عمل درآمد کا مقصد عالمی ماحولیاتی مسائل سے نمٹنا ہے اور اقوام متحدہ کے ہدف کے مطابق 2050 تک کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں اپنا حصہ صفر کرنا ہے۔

اس سے قبل برطانیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2040 تک پیٹرول اور ڈیزل کی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی لگادے گا تاہم ماہرین کی جانب سے خبردار کیا گیا کہ اگر 2050 تک کاربن فری ملک کا ہدف حاصل کرنا ہے تو تیل سے چلنے والی گاڑیوں پر پابندی میں جلدی کرنا ہوگی۔

بورس جانسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2020 ماحولیات کے حوالے سے عملی اقدام اٹھانے کے لیے اہم اور بنیادی سال ہے۔

 اس مشن میں اپنا حصہ ڈالنا ہمارے لیے باعث فخر ہے،بورس جانس،فوٹو:برطانوی میڈیا

تقریب سے قبل اپنے ایک بیان میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت پر پابندی 2035 سے قبل بھی لگائی جاسکتی ہے۔

'2050 تک کاربن فری ملک کا ہدف ہمارے لیے انتہائی اہم ہے'

برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2050 تک کاربن فری ملک کا ہدف ہمارے لیے انتہائی اہم ہے اور یہ زمین کے تحفظ کے حوالے سے ہماری ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کانفرنس  ناصرف برطانیہ بلکہ ساری دنیا کے ممالک کے لیے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ کے لیے ایک شاندار موقع ہے۔ہماری اس سے بڑی کوئی ذمہ داری نہیں کہ ہم اپنی دنیا کو بچائیں، اس مشن میں اپنا حصہ ڈالنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

گاڑیوں کی صنعت سے وابستہ افراد کا تحفظات کا اظہار 

برطانوی وزیراعظم کے اعلان کو جہاں ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے سراہا ہے وہیں گاڑیوں کی صنعت سے وابستہ افراد نے اس اعلان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ اتنی جلدی متبادل کے طور  پر الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے قابل  نہیں ہے۔ 

صنعت کار وں کا کہنا کہ برطانیہ اتنی جلدی متبادل کے طور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے قابل نہیں ہے، فوٹو:فائل

صنعت کار تنظیموں کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت کو قابل عمل متبادل منصوبہ بھی پیش کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گاڑیاں بنانے والے اہم یورپی ملک جرمنی نے بھی  2030 سے پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی کا اعلان کررکھا ہے۔

مزید خبریں :