05 فروری ، 2020
کورونا وائرس کی وجہ سے ہوائی جہاز بنانے والی یورپی کمپنی ائیربس نے بھی چین میں اپنا پروڈکشن پلانٹ بند کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپی کمپنی ائیر بس نے چین کے شمال مشرقی شہر تیانجن میں اپنا پروڈکشن پلانٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب ائیر بس کے حریف امریکی جہاز ساز ادارے بوئنگ نے بھی شنگھائی کے قریب واقع اپنے بند پلانٹ کو مزید کچھ عرصے تک نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اُدھر فرانس کی ایرو اسپیس کمپنی سافران نے بھی چین میں اپنے پروڈکشن پلانٹ بند کردیا ہے۔
ائیر بس اور سافران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پلانٹس ورکر کے علاوہ ان کا دیگر عملہ جہاں سے ممکن ہے اپنا کام کررہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بڑی ٹینکالوجی کمپنیوں گوگل اور ایپل بھی چین میں واقع اپنے دفاتر بند کرچکی ہیں جب کہ کار بنانے والی بڑی کمپنیاں، ٹویوٹا، واکس ویگن اور جنرل موٹرز بھی چین میں اپنی پیداوار معطل کرچکی ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں خطرناک کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 500 کے قریب پہنچ گئی ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 800 سے زائد متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار 324 تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس نے جہاں چین میں موجود لوگوں کی زندگیوں کو بُری طرح متاثر کیا ہے وہیں چین کو معاشی طور پر بھی بے حد نقصان پہنچایا ہے۔
چین میں دنیا کی سب سے بڑی انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی مارکیٹ ہے جب کہ چین دنیا کا سب سے بڑا صنعتی مرکز بھی ہے، موذی وائرس کی وجہ سے دنیا کے بڑے صنعت کاروں اور عالمی کمپنیوں نے چین میں موجود اپنے دفاتر عارضی طور پر بند کر دیے ہیں جس کے باعث معاشی طور پر بھی نقصان ہو رہا ہے۔