02 فروری ، 2020
چین میں پھیلے پُراسرار کورونا وائرس کے پیشِ نظر گوگل کے بعد ایپل نے بھی اپنے تمام دفاتر عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبول ٹیکنالوجی کمپنی ایپل چین کے مین لینڈ میں اپنے تمام تر کارپوریٹ آفس، اسٹورز، اور کانٹیکٹ سینٹرز کو 9 فروری سے بند کردے گی جب کہ آن لائن اسٹورز کھلے رہیں گے ۔
مگر اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ فاکس کون کے زیر انتظام چلنے والی ایپل کی چینی فیکٹریاں بھی بند ہوں گی یا نہیں۔
اس سے قبل چین میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر معروف سرچ انجن کمپنی گوگل نے بیجنگ میں موجود اپنا دفتر عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔
گوگل ترجمان کے مطابق چینی حکومت کی ہدایت پر چین کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ اور تائیوان میں بھی اپنے تمام دفاتر بند کر رہے ہیں۔
پُراسرار کورونا وائرس نے جہاں چین میں موجود لوگوں کی زندگیوں کو بُری طرح متاثر کیا ہے وہیں چین کو معاشی طور پر بھی بے حد نقصان پہنچایا ہے۔
چین میں دنیا کی سب سے بڑی انٹرنیٹ مارکیٹ ہے جب کہ چین دنیا کا سب سے بڑا صنعتی مرکز ہے، پُراسرار وائرس کی وجہ سے دنیا کے تقریباً تمام تر صنعت کاروں اور دیگر عالمی کمپنیوں نے چین میں موجود اپنے دفاتر عارضی طور پر بند کر دیئے ہیں جس کے باعث معاشی طور پر بھی نقصان ہو رہا ہے۔
واضح رہے کی چین میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے اب تک 300 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔