09 فروری ، 2020
وفاقی حکومت نے عوام کو سستی اشیاء اور روزگار کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت ملک میں 50 ہزار نئے ریٹیل اسٹورز (پرچون کی دکانیں) کھولے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریٹیل اسٹورز کھولنےکے لیے شہریوں کو 5 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیے جائیں گے اور 1500 ریٹیل اسٹورز فوری طور پر کھولے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹیل اسٹورز کو 60 فیصد اشیاء یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن سپلائی کرے گا جب کہ باقی 40 فیصد اشیاء کا بندوبست اوپن مارکیٹ سے اسٹور مالکان خود کریں گے۔
حکومت کے اِس منصوبے سے 50 ہزارخاندانوں کوبراہ راست روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راشن کارڈ اسکیم کو حتمی شکل دینےکا عمل بھی آخری مرحلے میں ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو 7 ارب روپے کا ریلیف پیکچ رمضان کے بعد تک جاری رکھنے کاحکم دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کو آگاہ کیاگیا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو 8 سے 10 ارب روپے کے اضافی مالی وسائل کی ضرورت ہے جس پر وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو وسائل فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔