دالوں کا عالمی دن: مزیدار چنے کی دال کی ترکیب

فوٹو: فائل

10 فروری کو دنیا بھر میں دالوں کا عالمی منایا جاتا ہے اور اس دن کی مناسبت سے لوگوں میں دالوں کے فوائد کے حوالے سے آگاہی بھی دی جاتی ہے۔

دالوں کا شمار صحت مند غذاؤں میں کیا جاتا ہے اور انہیں روزانہ خوراک میں شامل کرنے سے صحت اچھی رہتی ہے۔

دوپہر کے وقت شدید بھوک میں اگر کوئی گرما گرم دال چاول اور اچار پیش کر دے تو مزا ہی آجاتا ہے، اور دال کے عالمی دن کے پیشِ نظر ہم آپ کے لیے مزیدار چنے کی دال کی ترکیب بتانے والے ہیں، آپ اس ترکیب سے دال بنا کر کھانے کا مزہ دوبالا کرسکتے ہیں۔

فوٹو: فائل

چنے کی دال کے اجزاء

1 کپ چنے کی دال

5 کپ پانی

نمک حسب ذائقہ

1 چمچ ہلدی

1 چمچ باریک کٹی ادرک

2 چمچ گھی

1 چمچ زیرہ

2 عدد تیز پتہ

ایک چوتھائی کپ ٹماٹر چوپ

2 سے 3 ہری مرچ

ڈیڑھ چمچ گرم مصالحہ پاؤڈر

2 چمچ ثابت دھنیا

1 چمچ لال مرچ پاؤڈر

دھنیا گارنشنگ کے لیے

ترکیب

سب سے پہلے ایک پتیلے میں دال، پانی، نمک، ہلدی اور ادرک ڈال کر اس وقت تک ابالیں جب تک دال نرم نا ہوجائے۔

دوسری طرف ایک پین میں گھی گرم کرکے اس میں زیرہ اور تیز پتہ ڈال دیں۔

جب گھی میں زیرہ اور تیز پتے کی خوشبو آنے لگے تو اس میں ٹماٹر شامل کرکے پکائیں۔

جب ٹماٹر گل جائیں تو اس میں ہری مرچ، گرم مصالحہ، ثابت دھنیا اور لال مرچ پاؤڈر شامل کر کے اچھے سے ملا لیں۔

اب اس میں دال شامل کر کے اسے 10 منٹ تک اچھے سے پکائیں۔

اب اس گرما گرم چنے کی دال کو ڈش میں نکال کر تازہ دھنیا کے پتوں سے گارنش کر کے ابلے ہوئے چاول اور اچار کے ساتھ پیش کریں۔