10 فروری ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کو عہدوں سے ہٹانے کی خبروں میں صداقت نہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اس دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک تبدیل نہیں ہوں گے، حفیظ شیخ اور رضا باقر کے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ گندم اور آٹا بحران کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھے 2 لوگ جہانگیرترین اور خسرو بختیار چینی بحران کے ذمہ دار ہیں لہٰذا ان کی ملوں کی تلاشی لی جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے پارٹی کو منظم اور متحد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں جاری گندم اور چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے اور وہیں انہوں نے منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں عوام کی ریلیف کے لیے اہم فیصلے کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے ملک میں آٹے اور چینی کے بحران کا ذمہ ایک وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے اہم رہنما کو قرار دیا جاتا ہے۔
جہانگیر ترین حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما ہیں جنہیں سپریم کورٹ نااہل قرار دے چکی ہے جبکہ خسرو بختیار وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک اور تحقیق ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو ہٹاکر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ لگایا تھا جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کو بھی مئی 2019 میں تعینات کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سابق عہدیدار رہ چکے ہیں۔