کھیل
Time 10 فروری ، 2020

پاکستان کی سب سے پہلی ٹیسٹ ٹیم کا آخری رکن بھی چل بسا

سابق کرکٹر طویل عرصے سے علیل تھے — فوٹو: پی سی بی 

پاکستان کی اولین ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے رکن وقار حسن  کراچی میں انتقال کرگئے۔

وقار حسن پاکستان کی سب سے پہلی ٹیسٹ ٹیم میں شامل تھے، وہ طویل عرصے سے علیل تھے جن کا کراچی میں 87 سال کی عمر میں انتقال ہوا۔  

وقار حسن کے صاحبزادے ابرار حسن نے بتایا کہ والد طویل عرصے سے شدید علیل تھے، ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر مسجد شہیم ڈیفنس میں ادا کی جائے گی۔

وقار حسن پاکستان کی اولین ٹیسٹ ٹیم کے آخری کرکٹر تھے جو حیات تھے مگر اب پاکستان کی اولین ٹیسٹ ٹیم کا کوئی رکن بھی حیات نہیں رہا۔

مڈل آرڈر بیٹسمین وقار حسن نے 21 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 1071 رنز بنائے، انہوں نے 1955 میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں لاہور میں 189رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ 

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی سابق کرکٹر وقار حسن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ 

مزید خبریں :