کاروبار
Time 11 فروری ، 2020

لاہور: ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن سے چینی کی قیمتوں میں کمی

—فوٹو فائل 

لاہور: پنجاب میں چینی ڈیلرز کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں چینی کی قیمتوں میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی۔

گزشتہ روز لاہور میں پولیس نے چینی کے بڑے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین تاجروں کو حراست میں لے لیا جس میں سے ایک ڈیلر کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ڈیلرز کے خلاف کارروائی کے بعد مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی ہدایت پر چینی کی زائد قیمت فروخت پر ڈیلرز اور  ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اسپیشل ٹاسک فورس کی سربراہی میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق چینی کی 50 کلوبوری کی قیمت 4 ہزار سے کم ہو کر 3600  روپے ہوگئی ہے جب کہ پرچون مارکیٹ میں چینی کی قیمت کم نہ ہو سکی اور پرچون دکاندار 80 روپے فی کلو چینی فروخت کر رہے ہیں۔

چینی ڈیلرز نے کارروائی کے خلاف لاہور کی اکبری منڈی میں احتجاج کرتے ہوئے کاروبار بند رکھا ہے۔

تاجروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے بعض ڈیلرز کو گزشتہ رات گھروں سے اٹھالیا گیا لہذا انہیں رہا کیا جائے۔

مزید خبریں :