پاکستان
Time 10 فروری ، 2020

چینی درآمد کرنے کی تجویز مسترد، برآمد پر بھی پابندی عائد

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے چینی درآمد کرنے کی سمری (تجویز) مسترد کرتے ہوئے چینی برآمد کرنے پر بھی پابندی لگادی۔

ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چینی درآمد کرنے کی تجویز مسترد کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے لیے چینی برآمد کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے وزارت صنعت و پیداوار کو چینی کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کرنے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے متعلقہ اداروں کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ ای سی سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی سطح پر وزارت صنعت محسوس کرے کہ چینی کی درآمد کی ضرورت ہے تو دوبارہ سمری لائی جائے۔

' ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں'

ذرائع اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق اس وقت ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں ۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سے آٹے کے بحران کے بعد  ملک میں چینی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے جس کے باعث قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں چینی کی 83 سے 86 روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے اورادارہ شماریات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں چینی 18 روپے فی کلو سے زائد مہنگی ہوچکی ہے۔

گذشتہ دنوں وزارتِ صنعت و پیداوار نے چینی کی قلت پر قابو پانے کے لیے 3 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی تجویز دی تھی جسے اقتصادی رابطہ کونسل نے مسترد کردیا ہے۔

مزید خبریں :