11 فروری ، 2020
چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے پنجاب بھر میں گداگری کرنے والے بچوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے 8 اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے 220 بھکاری بچے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں۔
بیورو نے لاہور سے 70 اور صوبے دوسرے شہروں سے 150 بچوں کو پکڑ کر چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کیا۔
چائلڈ پروٹکشن بیورو کے عملے نے پولیس کی مدد سے کارروائی کی اور اس دوران کئی بچوں کو ماؤں سے چھین کر گھسیٹتے ہوئے وین میں ڈالا گیا۔
میڈیا سے گفتگو میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ جو والدین بچوں سے بھیک منگواتے ہیں، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جارہی ہیں۔
سارہ احمد کا کہنا ہے کہ مافیا کے خلاف کارروائی ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں تاہم اس سلسلے میں تعاون کریں گے، احساس پروگرام کے تحت بھکاری بچوں کی مدد بھی کی جائے گی۔
دوسری جانب چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی سابق چيئرپرسن صبا صادق نے کہا ہےکہ بھکاری بچوں کو ان کے والدین سے چھینا جانا اور انہيں زبردستی پروٹیکشن بیورو منتقل کرنا بھی ٹھیک نہيں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کام بچوں کو ریسکیو کرنا ہے، یہ نہيں کہ ماں سے چھین کر ماں اور بچہ دونوں کو بلکتا چھوڑ دیں، بچوں سے بھیک منگوانے والے عادی مجرم والدین کو بھاری جرمانے ہونے چاہيں۔