11 فروری ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عوام کو ریلیف دینے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں واضح کمی لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ قیمتوں میں کمی کرنے کے لیے وفاقی کابینہ میں مشاورت شروع کردی گئی ہے جس کے بعد جلد ہی اس حوالے سے اعلان متوقع ہے۔
اُدھر وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی تصدیق کی کہ وزیر اعظم نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مرحلہ وار کمی کے لیے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ میں حج پالیسی 2020 کی منظوری دی گئی جس کے تحت رواں سال حج اخراجات 4 لاکھ 90 ہزار روپے تک رکھے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزارت مذہبی امور نے 5 لاکھ 50 ہزار روپے حج اخراجات تجویز کیے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی مداخلت پر حج اخراجات میں 60 ہزار روپے کمی ہوئی اور اس حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی تجاویز حج سستا کرنے میں کارگر ثابت ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیرمذہبی امور نے وزیراعظم کو حج اخراجات کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر وزیراعظم عمران خان کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے کو کرایوں میں کمی کرنے کی ہدایت کی، وہ سعودی حکام سے ٹیکسز کم کرنے کے لیے بھی بات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حج اخراجات میں مزید کمی لانے کے لیے وزیر مذہبی امورکو ہدایات دیں اور کہا کہ عازمین حج پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے گا۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی ہے جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، دالیں، چینی اور چاول مارکیٹ سے 10 سے 25 فیصد کم ریٹ پر ملیں گے۔
کابینہ نے 5 ماہ میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 10 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی، اس کے علاوہ ماہ رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 5 ارب روپے الگ سے ملیں گے۔