Time 13 فروری ، 2020
پاکستان

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیب میں پیش

راولپنڈی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیب میں پیش ہوگئے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو جے وی اوپل کیس میں طلب کیا تھا اور ساتھ ہی ان سے زرداری گروپ آف کمپنیزکا ریکارڈ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی طلب کی گئی تھی۔

ذرائع کےمطابق بلاول بھٹو کو نیب کی جانب سے 30 سوالات پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا اور انہیں 2 ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ بلاول بھٹو الیکشن کمیشن میں جمع دستاویزات میں جے وی اوپل کے 2011  تا 2017 شیئر ہولڈر ہیں، ان کے دستخط 2011 سے2017 تک دستاویزات پر موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے نیب ٹیم کو کہا انہیں کاروباری معاملات کا علم نہیں۔

پارٹی رہنماؤں کی گفتگو

بلاول بھٹو زرداری نیب کے سامنے پیش ہونے کے لیے نیب کے راولپنڈی دفتر پہنچے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے جب کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان بھی نیب دفتر کے باہر موجود تھے۔

بلاول کی پیشی پر پیپلزپارٹی کے رہنما بھی ان کے ہمراہ آئے، اس موقع پر نیئر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو تیسری بار نیب راولپنڈی نے طلب کیا، بے روزگاری اور حکومت کی نالائقی پر بات کی جائے تو نیب کا نوٹس آجاتا ہے، حکومتی وزرا کے خلاف بھی ریفرنسز ہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی۔

سینیٹرشیری رحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی پیشیوں سے نہیں گھبراتی، عدالتوں کا احترام کرتی ہے، حکومت کہتی ہے ریکوڈک سے قرض اتاریں گے،عوام کے ساتھ یہ مذاق بند کیا جائے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف کیسز خواہشات پر مبنی ہیں، پہلے بھی جواب دیے اب کیا نیب کو ان کی مرضی کے جواب دیں؟

مزید خبریں :