Time 14 فروری ، 2020
کاروبار

ترکی کا پاکستان کیساتھ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان

فوٹو: فائل

ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح کے دوروں سے دو طرفہ تعاون کے معاملات کو فروغ ملتا ہے، پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی تذویراتی کونسل کا چھٹا اجلاس آج دونوں ملکوں کے درمیان ہو گا، پاکستان اور ترکی کا باہمی تجارتی حجم اپنی صلاحیت سے بہت کم ہے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں تجارتی حجم ایک ارب ڈالر اور پھر 5 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترکی کو بھی مشکل معاشی حالات کا سامنا تھا، ترکی پر قرضہ 72 فیصد تھا جسے ہم کم کر کے 32 فیصد پر لائے، عزم و ہمت سے اپنی مشکلات پر قابو پایا۔

ترک صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے، ٹرانسپورٹیشن، صحت اور تعلیم کے شعبے میں بھی پاکستان سے تعاون کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے جدید اسپتال قائم کیے اس لیے ہیلتھ کیئر کے شعبے میں دنیا ترکی کا رخ کرتی ہے، ترک کمپنیاں پاکستان میں بھی بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ 

مزید خبریں :