16 فروری ، 2020
اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ترقیاتی اہداف کو موسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات کا سامنا ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہمارا مشترکہ وژن موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا اور پائیدار ترقی ہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اقوام متحدہ میں ماحولیاتی تبدیلی پر وزیراعظم عمران خان کی تقریربہت پرُاثر تھی، بلین ٹری سونامی اور کلین اینڈ گرین پاکستان کی مہم خیر مقدم کرتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں قدرتی آفات کے باعث پاکستان میں 10ہزار اموات ہوئیں اور پاکستان میں ترقیاتی اہداف کو موسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات کا سامنا ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے کوئی ملک محفوظ نہیں، عالمی کوششیں مقاصد کے حصول کے لیے ابھی ناکافی ہیں، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے معاملات میں ہم ابھی ٹریک پر نہیں، ماحولیاتی تبدیلی میں ہمیں ایمرجنسی صورتحال کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف آفات سے متاثر ہونے والے افراد سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے کاوشیں کر رہا ہے کیونکہ پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول تمام ممالک اور اقوام کے لیے اہم ہے، ترقیاتی اہداف کے لیے کاوشوں اور کام کو تیز کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، تعلیم، معیشت اور برابری ترقی کے لیے اہم ہے، کامیاب جوان پروگرام ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا پروگرام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کی تقسیم سے متعلق پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی معاہدہ موجود ہے، پانی ہتھیار نہیں بلکہ امن کا ضامن ہونا چاہیے، بھارت کے ساتھ مؤثر ڈائیلاگ سے پانی کی تقسیم کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت نے ہمیشہ مذاکرات پر زور دیا ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے، نہ صرف کشمیر بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کا احترجام کیا جانا چاہیے۔
پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین سے متلعق سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستانی عوام نے لاکھوں افغان مہاجرین کی بہترین میزبانی کی ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کے تین روزہ دورے پر موجود ہیں، اس دوران وہ وزیراعظم سمیت مخلتف وزرا سے ملاقات اور تقاریب سے خطاب کریں گے۔