پاکستان

کیماڑی میں مبینہ طور پر زہریلی گیس پھیلنے سے 4 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے کیماڑی میں مبینہ طور پر زہریلی گیس پھیلنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

زہریلی گیس سے  جاں بحق ہونے والے4 افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 40 سے زائد افراد کو سانس کی تکلیف پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

 واقعے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں ہیں تاہم خدشہ ہے کہ  کیماڑی جیٹی پر لنگر انداز ایک بحری جہاز سے ممکنہ طور پر کیمیکل اُتارنے کے دوران بُو پھیلی۔

دوسری جانب کراچی پورٹ ٹرسٹ ( کے پی ٹی)  کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پورٹ پر ایسا کوئی جہاز نہیں لگا جس سے بوپھیلی ہو، تمام متاثرہ افراد کو سڑک سے اٹھایا گیا ہے، کے پی ٹی کا کوئی ملازم اس سے متاثر نہیں ہوا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر کے پی ٹی گیٹ کے سامنے موجود مزار کے اطراف گیس پھیلی ہے جس کے باعث شہری متاثر ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے زہریلی گیس کی وجہ سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  واقعہ پورٹ کے اندر پیش نہیں آیا۔

علی زیدی کا کہنا ہے کہ  پورٹ حکام کو واقعے کی وجہ جاننے کے لیے روانہ کیا ہے، کے پی ٹی عہدیداران واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

مزید خبریں :