کوئٹہ میں خودکش دھماکا، 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق

کوئٹہ کے پرہجوم علاقے شارع اقبال پر خودکش دھماکے میں پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ کی اہم شاہراہ شارع اقبال پر پریس کلب کے قریب خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں عبدالرسول ،محمدزمان اور لیویز اہلکار محمد حمید سمیت 8 افراد محمد نسیم ،منظور احمد، احمد اللہ، حضرت علی شہید جبکہ 20افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

پولیس ،ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا جبکہ جائے وقوع کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کر نے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے جائے وقوع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شارع اقبال پر دھماکا خود کش تھا، پولیس اہلکاروں نے جب مبینہ حملہ آور کو روکا تو خود کش حملہ آور نے دھماکا کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ شہر کی سیکیوٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق سول اسپتال میں ایک نامعلوم شخص کا سر اور جسم کے اعضاء بھی منتقل کیے گئے ہیں جو مبینہ طور پر خود کش حملہ آور کے ہو سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیر داخلہ ضیا لانگو نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی اور شہر کی سیکیورٹی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے 

دھماکا ضلع کچہری کے قریب ہوا جہاں متعدد سرکاری عمارتیں موجود ہیں، دھماکے کی زد میں متعدد گاڑیاں اور راہگیر بھی آئے— فوٹو: جیو نیوز

دھماکے کے بعد سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے۔ سول اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کیلئے خون کی اشد ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی دھماکے کی مذمت

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکےکی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 10 جنوری کو بھی کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید اور 19زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 7 جنوری کو بھی کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ 

مزید خبریں :