Time 18 فروری ، 2020
کھیل

پاکستان میں ٹاپ کلاس کرکٹ کا آنا بہت ضروری ہے: بین ڈنک

لاہور قلندرز میں آسٹریلوی کرکٹر، بین ڈنک_ فوٹو جیونیوز

‏لاہور:  پی ایس ایل فائیو کے لیے لاہور قلندرز میں شامل آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک نے کہا ہےکہ پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ بہت پرانی ہے اور  ہر دور میں پاکستان نے کھیل کو عظیم کھلاڑی دیئے ہیں لہٰذا ٹاپ کلاس کرکٹ کا پاکستان میں آنا کھیل کے لیے بہت ضروری ہے۔

نمائندہ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بین ڈنک نے کہا کہ  پاکستان میں آنا بہت اچھا لگ رہا ہے، یہاں لوگ کرکٹ سے بہت پیار کرتے ہیں اور کھیل میں دلچسپی لیتے ہیں، پی ایس ایل کا مومنٹم بن رہا ہے اس لیے میں بھی پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلنے کے لیے پرجوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کا کمبی نیشن اچھا بن گیا ہے اور امید ہے کہ اس سیزن میں لاہور قلندرز کی ٹیم اچھا کرے گی۔

 بین ڈنک کا کہنا تھا کہ کہ گزشتہ 18 میں پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ تواتر سے ہو رہی ہے، یہاں کرکٹ کی تاریخ بہت پرانی ہے, فینز بہت جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہیں، میں بے تاب ہوں کہ پی ایس ایل میں لوگوں کا جو ش و خروش دیکھوں۔

 بین ڈنک نے کہا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ منسلک ہونے میں مجھے اجنبیت نہیں لگی، حارث رؤف اور عثمان شنواری کے ساتھ کھیل چکا ہوں، ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے، حارث رؤف ایک باصلاحیت تیز بولر ہے، اس نے 12 ماہ میں بہت کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ 

‏‏ بین ڈنک پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں اور وہ ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

بین ڈنک گزشتہ روز ہی آسٹریلیا سے لاہور پہنچے اور انہوں نے لاہور قلندرز کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لیا اور پی ایس ایل فائیو کے لیئے خود کو یہاں کی کنڈیشنز کے مطابق تیار کرنا شروع کر دیا۔

 بین ڈنک نے حالیہ بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کی اور اسی ٹیم میں پاکستان کے حارث رؤف بھی شامل تھے جب کہ گزشتہ برس عثمان شنواری بین ڈنک کے ساتھ بی بی ایل میں کھیلے، دونوں فاسٹ بولرز اس وقت بین ڈنک کے ساتھ لاہور قلندرز میں ہیں۔

مزید خبریں :