Time 19 فروری ، 2020
پاکستان

شیخ رشید نے پرانی کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی ناممکن قرار دے دی

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے  پرانی کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کی بحالی کو ناممکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ  پرانا ریلوے ٹریک کچھ اور  تھا وہ اب ممکن نہیں۔

کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پرانے سرکلر ریلوے ٹریک پر  24سڑکیں بن چکی ہیں وہاں 24 پھاٹک کہاں بنیں گے؟

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب کے سی آر ایک نئی ٹرین ہوگی، پرانی بات نہ کریں، ابھی تو نئی کے سی آر کے 24 اسٹیشن بن جائیں وہی بہت ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ  کراچی سرکلر ریلوے پر سندھ حکومت سے کوئی اختلاف نہیں، ریلوے اور سندھ حکومت مل کر کے سی آر بنائیں گے، کے سی آر  چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کا 2 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے۔

ریلوے ٹریک پر تجاوزات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 30 دن میں ریلوے اراضی کو خالی کروالیں گے ،متاثرین کو متبادل کے طور پر کہیں منتقل کرنا ہے یا نقد رقم دیں ،اس کا فیصلہ آئندہ ماہ تک کریں گے۔

خیال رہے کہ  گذشتہ دنوں سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے کیس میں  ریلوے کی زمین پر بنے پلازے ایک ہفتے میں گرانے کا حکم دیتے ہوئے جلد کے سی آر کی بحالی کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :