دنیا
Time 20 فروری ، 2020

کورونا وائرس: ایران میں ہلاکتوں کا پہلا کیس سامنے آگیا

فوٹو: اے ایف پی

چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے ایران میں بھی 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی حکام نے تصدیق کی کہ گزشتہ روز جن دو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی وہ دونوں جان سے چلے گئے جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا یہ پہلا کیس ہے۔

ایرانی وزارت صحت کے مطابق مرنے والے افراد کا تعلق جنوبی تہران سے تھا اور وائرس کے باعث ان کے گردے شدید انفیکشن سے متاثر ہوئے۔

ایرانی حکام نے مرنے والے افراد کی عمر اور جنس کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

گزشتہ ماہ مشرق وسطیٰ میں متحدہ عرب امارات پہلا ملک تھا جہاں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے تھے تاہم ایران میں ہلاکتوں سے مشرقی وسطیٰ میں وائرس سے ہونے والی یہ پہلی ہلاکت ہے۔

جاپان کی شپ کے 2 مسافر بھی ہلاک

دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق جاپان کی شپ میں بھی قرنطینہ میں موجود 2 افراد کے وائرس سے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

مقامی میڈیا کا کہناہےکہ مرنے والے دونوں جاپانی شہری تھی اور ان کی عمریں تقریباً 80 سال تھیں۔

برطانوی میڈیا کا کہناہےکہ وائرس سے مرنے والے دونوں افراد کو گزشتہ ہفتے شپ سے باہر نکالا گیا اور انہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی تھی۔

جاپان کی ڈائمنڈ پرنسس شپ میں تقریباً 3700 افراد موجود ہیں جن میں سے ایسے مسافر جو وائرس سے متاثر نہیں ہیں انہیں 14 روز کے قرنطینہ کے بعد جانے کی اجازت دی جارہی ہے جب کہ شپ میں 621 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

چین میں وائرس کے نئےکیسز میں کمی

علاوہ ازیں چینی حکام کے مطابق ملک میں وائرس کے نئے کیسز میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

چینی ہیلتھ کمیشن کے مطابق بدھ کے روز 394 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور 14 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جب کہ منگل کے روز نئے کیسز کی تعداد 1749 تھی۔

چینی حکام کے مطابق چین میں مجموعی طور پر وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2118 ہے اور متاثرین کی تعداد 75 ہزار سے زائد ہے جب کہ چین کے مرکزی شہروں میں وائرس سے متاثر ہونے والے 16 ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :