Time 15 فروری ، 2020
دنیا

کورونا وائرس: امریکا کا کروز شِپ میں پھنسے اپنے شہریوں کو نکالنے کا فیصلہ

سیاحتی بحری جہاز میں کورونا وائرس سے اب تک 200 سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں— فوٹو: فائل

جاپان کے ساحل کے قریب قرنطینہ میں کھڑے سیاحتی بحری جہاز ’ڈائمنڈ پرنسز‘ سے امریکا نے اپنے شہریوں کو نکالنے کا اعلان کردیا، جہاز کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر 19 فروری تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

امریکی سفارتخانے کے حکام نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ امریکا نے جاپان کے شہر یوکوہاما کے ساحل سے کچھ فاصلے پر لنگر انداز پرتعیش کروز شپ میں پھنسے اپنے شہریوں کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ سیاحتی کروز شپ 3 فروری سے’یوکوہوما‘ کی بندرگاہ کے قریب کھڑا ہے۔

امریکی حکام کی جانب سے جاپانی انتظامیہ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز امریکا کا خصوصی ہوائی جہاز سیاحتی کروز شپ میں پھنسے امریکی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے بھیجا جائے گا۔

علاوہ ازیں یہ بھی بتایا گیا کہ شہریوں کو وہاں سے نکال کر وائرس کے خدشات کی بناء پرامریکا لانے کے بعد دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں ہی رکھا جائے گا۔

ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ امریکا کا جہاز اپنے شہریوں کو جاپان سے لے کر کب روانہ ہوگا لیکن خط میں یہ بات واضح ہے کہ ہوائی جہاز امریکا میں واپسی پر کیلیفورنیا میں قائم ’ٹراوس ائیر فورس بیس‘ پر لینڈ کرے گا۔

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ مسافروں کی پہلے اسکریننگ کی جائے گی اور ہم اس سلسلے میں جاپانی کروز شپ کی انتظامیہ سے بھی رابطے میں ہیں کہ کیا کسی امریکی شہری کی حالت ایسی ہے کہ اسے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہو اور وہ پرواز میں سوار ہونے کے قابل نہ ہو۔

اس میں مزید لکھا گیا کہ اگر کوئی امریکی شہری اپنی مرضی سے اس پرواز کے ذریعے امریکا نہ جانے کا انتخاب کرتا ہے تو پھر وہ ایک خاص مدت کے لیے امریکا واپس نہیں آسکے گا۔

خیال رہے کہ اس کروز شپ میں تقریباً 3 ہزار 700 افراد سوار ہیں جن میں مسافر اور جہاز کا عملہ شامل ہیں۔ جن میں سے اب تک تقریباً 200 سے زائد افراد میں خوفناک کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور انہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس پُر اسرار کورونا وائرس سے چین میں اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ66 ہزار سے زائد متاثر ہوگئے ہیں۔

اس وائرس کو روکنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود بھی یہ خطرناک وائرس اب تک دنیا کے 24 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

علاوہ ازیں سیاحتی بحری جہاز ’ڈائمنڈ پرنسز‘ میں سوار دیگر مسافروں کو بھی جو کسی اور خرابی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں انہیں جہاز سے اترنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ جہاز میں رہ جانے والے باقی مسافروں کو 19 فروری تک قرنطینہ میں ہی رکھا جائے گا۔

مزید خبریں :