سیٹ پر خوفناک حادثہ، 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ہلاک، کمل ہاسن اور کاجل بال بال بچے

عملہ فلم کی شوٹنگ کے لیے کرین پر چڑھ کر لائٹنگ ٹھیک کررہا تھا کہ اچانک کرین گِرگیا— فوٹو: فائل

بھارتی اداکار کمل ہاسن کی فلم کے سیٹ پر خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں سیٹ پر موجود تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ہلاک ہوگئے۔

بھارت کی ریاست چنئی کے قریب ’ای وی پی فلم سٹی‘ میں کمل ہاسن کی تامل فلم ’انڈین 2‘ کی شوٹنگ جاری تھی کی اسی دوران وہاں موجود کرین اچانک زمین بوس ہوگیا۔

ٹوٹنے والے کرین پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت متعدد افراد سوار تھے جن میں سے 3 جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔

یہ تامل فلم بھارت کی انٹرٹینمنٹ کمپنی لائیکا کے اشتراک سے بنائی جارہی تھی جنہوں نے حادثے سے متعلق بیان میں بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں فلم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرشنا، آرٹ اسسٹنٹ چندرن سمیت پروڈکشن اسسٹنٹ مدھو شامل ہیں۔

عملہ فلم کی شوٹنگ کے لیے کرین پر چڑھ کر لائٹنگ ٹھیک کررہا تھا کہ اچانک کرین گِرگیا— فوٹو: فائل

مقامی پولیس نے بھارت کے نجی ٹی وی چینل کو واقعے کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ’ یہ واقعہ بدھ کی شب ساڑھے 9 بجے پیش آیا جب یہ لوگ کرین کے اوپر والے حصے پر بیٹھے شوٹنگ کے لیے لائٹنگ پر کام کر رہے تھے اور اسی دوران کرین ٹوٹ کر زمین پر گِر پڑا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

علاوہ ازیں پولیس کا کہنا تھا کہ یہ بات معلوم نہیں ہوسکی کہ حادثے کے وقت فلم کے ڈائریکٹر شنکر جائے حادثہ کے احاطے میں موجود تھے یا نہیں۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹر شنکر یہ فلم 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ’انڈین‘ کے سیکوئل کے طور پر بنا رہے ہیں۔

نام نہ بتانے کی شرط پر ذرائع نے بتایا کہ کمل ہاسن کرین حادثے کے وقت کمپلیکس میں ہی کسی اور مقام پر موجود تھے۔

کمل ہاسن نے واقعے کو نہایت افسوس ناک قرار دیا اوران کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے تین ساتھی کھوئے ہیں۔ مجھ سے زیادہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے یہ دکھ بہت بڑا ہے اور میں ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں، مجھے ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی ہے۔

ایکشن اور تھرل سے بھر پور فلم ’انڈین 2‘ کمل ہاسن کی فلم ہے جو سیاست میں بھی دھوم مچاتے نظر آتے ہیں۔ واضح رہے کہ تامل ناڈو میں اسمبلی کے انتخابات اگلے سال طے ہیں۔

مقامی پولیس افسر کے مطابق پروڈکشن منیجر اور کرین چلانے والے ڈرائیورکے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے البتہ واقعے کی فرانزک رپورٹ سے ذمہ داروں کا تعین کرلیا جائے گا۔

کمل ہاسن اور اداکارہ کاجل اگروال بال بال بچے

فلم کی کاسٹیوم ڈیزائنر امریتھا رام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں وہ، کمل ہاسن اور کاجل اگروال بال بال بچے۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بتایا کہ ’جس مقام پر کرین آکر گرا ہم لوگ وہاں سے چند سیکنڈز پہلے ہی اٹھ کر گئے تھے‘۔

امریتھا نے ایک تصویر بھی شئیر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرین ہیرو اور ہیروئنز کے بیٹھنے کی جگہ لگی کرسیوں کے اوپر گرا ہوا ہے۔

اداکارہ کاجل اگروال نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔


مزید خبریں :