گلوکارہ صنم ماروی کو خلع کی ڈگری جاری

صنم ماروی کے خاوند نے عدالت میں پیش ہوکر بیان نہیں دیا جس کے بعد عدالت نے خلع کی ڈگری جاری کردی،فوٹو:فائل

لاہور کی فیملی کورٹ نے گلوکارہ صنم ماروی کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں خلع کی ڈگری جاری کردی۔

لاہورمیں فیملی کورٹ کی جج نے صنم ماروی کی درخواستِ خلع پر فیصلہ جاری کیا۔

خیال رہےکہ صوفیانہ شاعری اور لوک گیتوں سے شہرت حاصل کرنے والی معروف گلوکارہ صنم ماروی نے رواں ماہ اپنے  شوہر حامد علی سے خلع لینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔


گلوکارہ نے درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ حامد علی سے 2009 میں شادی ہوئی مگر شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا، شوہر بچوں کے سامنے گالیاں دیتا اور مارتا پیٹتا ہے، میں صرف اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم برداشت کرتی رہی۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ جھوٹ گھرانوں کی تباہی کا بڑاسبب ہے، 11 سال سے شوہر کا تشدد برداشت کررہی تھی اب اس کے ساتھ مزید رہنا نہیں چاہتی۔

صنم ماروی کے خاوند نے عدالت میں پیش ہوکر بیان نہیں دیا جس کے بعد عدالت نے خلع کی ڈگری جاری کردی۔

واضح رہے کہ گلوکارہ کی حامد علی  کے ساتھ دوسری شادی تھی جن سے ان کے تین بچے بھی ہیں جب کہ ان کی پہلی شادی آفتاب احمد سے ہوئی تھی جن کا 2009 میں کراچی میں قتل ہو گیا تھا۔

مزید خبریں :