Time 22 فروری ، 2020
پاکستان

ایف اے ٹی ایف: ’بھارتی اقدامات ناکام، آئندہ 4 ماہ میں گرے لسٹ سے باہر آجائیں گے‘

 ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ہے اور ان کا اعتراف بھی کیا ہے:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی— فوٹو/ فیس بک

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ان کا اعتراف کیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے پوری کوشش کی کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں دھکیلا جائے لیکن ہم نے ایف اے ٹی ایف میں بھارتی اقدامات کو ناکام کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے  پاکستان کے اقدامات کی ناصرف تعریف کی بلکہ ان کا اعتراف بھی کیا ہے، امید ہے کہ پاکستان آئندہ چار ماہ میں گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

دوسری جانب امریکا اور طالبان کے درمیان تشدد میں کمی کے معاہدے کے اطلاق پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان میں قیام امن سے پاکستان سمیت پورا خطہ مستفید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی تعمیر نو میں پاکستان کو کردار ادا کرنے کا موقع میسر آئے گا اور  دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغان مصالحانہ عمل میں بڑی ذمہ داری نبھائی لیکن ساری ذمہ داری نہیں اٹھا سکتے، اب افغان قیادت اور عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ مصالحانہ عمل کو کیسے لے کر چلنا ہے۔

مزید خبریں :