Time 23 فروری ، 2020
پاکستان

پاکستان کی کوششوں سے امریکا اور طالبان مذاکرات پر قائل ہوئے: شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی—فوٹو فیس بک

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کوششوں سے امریکا اور طالبان مذاکرات پر قائل ہوئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈیڑھ برس تک پاکستان خاموشی سے طالبان کو قائل کرنے کے لیے کام کرتا رہا، دونوں قریقین کے درمیان پاکستان نے رابطہ کار کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے امریکا اور طالبان مذاکرات پر  قائل ہوئے، صدر ٹرمپ اور دنیا کو قائل کیا کہ افغان مسئلے کا پر امن حل ہی ممکن ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکا اور طالبان کو خبردار کیا ہے کہ کچھ قوتیں امن میں رخنہ ڈالنا چاہتی ہیں لہذا فریقین خبردار رہیں۔

مسئلہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فورم پر وزیر اعظم عمران خان اور میں نے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا جب کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے بھی کشمیر پر کھل کر بات ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر سے متعلق ہماری خارجہ پالیسی کے نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں، بین الااقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں آج کشمیر پر بات کر رہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جینیوا میں ہونے والے اجلاس میں بھی کشمیر سے متعلق بھرپور مؤقف پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر  انسانی حقوق جینیوا میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بھرپور آواز اٹھائیں گی، کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔

مزید خبریں :