24 فروری ، 2020
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 183 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا جو مایوس کن رہا اور کرس لین 11 رنز بناکر22 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد آنے والے محمد حفیظ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم دوسرے اینڈ پر قلندرز کی وکٹیں گرتی رہیں۔
محمد حفیظ 98 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے تاہم وہ 2 رنز کی کمی سے پی ایس ایل کے 5 ویں ایڈیشن کی دوسری سنچری نہ بناسکے۔ فخر زمان 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔
محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2، 2 جبکہ محمد موسی اور احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈکا آغاز مایوس کن رہا اور اس کے اوپنر لیوک رونکی پہلے ہی اوور میں ایک رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
رونکی کے بعد کولن منرو بھی دوسرے ہی اوور میں 2 رنز بنا کر حفیظ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
دووکٹیں گرنے کے بعد ڈیوڈ میلان اور کپتان شاداب خان نے ٹیم کو سہارا دیا تاہم میلان بھی 62 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ان کے بعد شاداب خان نے شاندار اننگز کھیلی اور 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 52 رنز بنائے ، انہیں حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔
کپتان کے بعد یونائیٹڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اس دوران کولن انگرام سمت کے ایک اوور میں 3 چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز بناکر قلندرز کو مشکل میں ڈال دیا، وہ 30 رنز بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس دوران دیگر کھلاڑی اپنی وکٹیں گنواتے رہے جب کہ آخر میں دسویں نمبر پر آنے والے محمد موسیٰ نے ایک شاندار چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بناکر فتح قلندرز سے چھین لی اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر ہدف حاصل کرلیا۔
قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 اوورز میں 18 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حارث رؤوف نے 2 جب کہ حفیظ، سمت پٹیل اور ڈیوڈ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ لاہور قلندرز کی اس ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست ہے اور اس نے اب تک 2 میچ کھیلے ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3 میچوں میں 2 میں فتح حاصل کی ہے۔