24 فروری ، 2020
کابل: ایران میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد افغانستان میں بھی وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق افغانستان کے وزیرِ صحت فیروزالدین فیروز نے صوبے ہرات میں 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔
افغان وزیر صحت نے ہرات میں کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہونے کے بعد صوبے بھر میں ایمرجنسی کے نفاذ کا بھی اعلان کیا۔
افغانستان کے صوبے ہرات کی سرحد ایران سے ملتی ہے اور ایران میں کورونا وائرس سے 50 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
وزیرِ صحت نے صوبے ہرات کے بارڈر ایریا میں رہائش پذیر لوگوں کو گھروں میں رہنے اور اپنی آمدورفت محدود رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
افغانستان کی وزارت صحت کے ایک عہدیدار نےبتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ تینوں افراد حال ہی میں ایران سے واپس آئے ہیں۔
ایران میں وائرس پھیلنے کے بعد افغانستان نے گزشتہ ہفتے سے ایران سے زمینی اور فضائی نقل و حرکت معطل کردی ہے۔
اس کے علاوہ وائرس کے پیشِ نظر پاکستان اور ترکی نے بھی ایران کے ساتھ سرحدیں بند کردی ہیں۔