24 فروری ، 2020
ایران میں کورونا وائرس کے کیسز کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ دوسرے روز بھی بند ہیں۔
ایران میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد گزشتہ روز بلوچستان حکومت نے ایران سے منسلک سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت پاکستان سے ایران جانے والے مسافروں کو تفتان سرحد پر روک دیا گیا جب کہ ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو فی الحال وہیں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی حکام کی جانب سے تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ دوسرے روزبھی بند ہیں جس کی وجہ سے سرحدکے دونوں اطراف لوگوں اورگاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔
پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ بند ہونے سے سرحد کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
امیگریشن حکام کا کہنا ہےکہ تفتان میں فی الحال امیگریشن گیٹ بند رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور کسی کو تفتان سے ایران اور ایران سے پاکستان جانےکی اجازت نہیں۔
واضح رہےکہ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے سامنے آرہے ہیں اور وائرس کے باعث 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔