25 فروری ، 2020
وفاقی کابینہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت میں پاکستان سے متعلق بیان پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 100 سفیر کئی سال کوشش کرتے توبھی اتنی سفارتی کامیابی نہ ملتی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے جس کے مطابق کامیاب خارجہ پالیسی اور مہنگائی روکنے کے اقدامات پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی رہائی اور نوازشریف کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں اتفاق کیا گیا کہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کو چیلنج ہونا چاہیے، نیب آزاد اور خود مختار ہے، عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت منظور کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں نوازشریف کی واپسی سے متعلق پنجاب کابینہ کے فیصلے کو سراہا گیا جبکہ مریم نواز کی بیرون ملک جانے سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی اور اتفاق کیا کیا گیاکہ انہیں بیرون ملک نہیں جانے دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارت آمد پر کابینہ میں طویل بات چیت ہوئی، کابینہ میں وزراء نے کہا کہ امریکی صدر نے بھارت میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور امریکی صدر کا پاکستان کی تعریف کرنا خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔
کابینہ ارکان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں سے مودی کو ناکامی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ100 سفیر کئی سال کوشش کرتے توبھی اتنی سفارتی کامیابی نہ ملتی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کابینہ ارکان کو سنایا اور ہدایت کی کہ بجلی کی قیمتیں کسی صورت نہیں بڑھنی چاہئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت کے دوران تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ’امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ مثبت انداز میں کام کررہی ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں‘۔