گریٹا تھنبرگ نے نوبیل انعام یافتہ ملالہ کو اپنا رول ماڈل قرار دیدیا

 گریٹا تھنبرگ اور ملالہ یوسفزئی—فوٹو ٹوئٹر

ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم نوجوان سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ نے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو اپنا رول ماڈل قرار دیا ہے۔

گریٹا تھنبرگ نے ملالہ یوسفزئی سے ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور بتایا کہ ملالہ ان کی رول ماڈل ہیں۔

دوسری جانب ملالہ یوسف زئی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ گریٹا ان کی ایسی دوست ہیں جن کے لیے وہ اسکول کا ناغہ کرسکتی ہیں۔ 

واضح رہے کہ 15 سالہ گریٹا تھنبرگ ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم نوجوان سماجی کارکن ہیں جو ماحولیاتی تبدیلیوں اور موسمی تغیرات کے مسائل کے حل اور صاف ستھرا ماحول قائم کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ مستقبل میں آنے والی نسلوں کو مشکل پیش نہ ہو۔

جب کہ ملالہ یوسف زئی بچیوں کی تعلیم اور ان کے حقوق کی آواز ہیں۔

ملالہ اب تک نوبیل امن انعام، سخاروف اور ورلڈ چلڈرن پرائز سمیت 40 سے زیادہ بین الاقوامی اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔

ملالہ یوسفزئی اب پاکستان کے علاوہ افریقا، شام اور دیگر خطوں کے تعلیم سے محروم بچوں کی بھی آواز بن گئی ہیں۔

ملالہ یوسفزئی خود پر ہونے والے حملے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور اس وقت برطانیہ میں ہی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔

ملالہ نے ہمیشہ اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دنیا میں حقیقی تبدیلی صرف تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

مزید خبریں :