26 فروری ، 2020
شملا: بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ جے رام ٹھاکر نے ’بھارت ماتا کی جے‘ کا نعرے لگانے والوں کو ہی بھارت میں رہنے کا حق دار قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شملا میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ جے رام ٹھاکر نے کہا کہ جو بھارت ماتا کی جے کہیں گے، وہی بھارت میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس مائنڈ سیٹ کے ساتھ کام کررہے ہیں کہ بھارت میں چیزیں درست انداز میں نہیں چل رہیں، ان کے ساتھ سختی سے نمٹنا چاہیے۔
جے رام ٹھاکر کا کہنا تھا کہ بھارت ماتا کی جے کہنے والے ہی بھارت میں رہیں گے اور ہمیں اس بارے میں اب سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے جو یہ نہیں کہیں گے، وہ بھارت کے مخالف ہوں گے اور وہ بھارت کے آئین کا احترام بھی نہیں کریں گے۔
نئی دہلی فسادات پر بات کرتے ہوئے ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ اس معاملے کو حل کرلیں گے، مجھے یقین ہےکہ اس معاملے کو بہتر طریقے سے حل کرنے کے لیے اور کوئی شخص نہیں، ہمارے وزیرداخلہ موجود ہیں۔
واضح رہےکہ بھارت میں متنازع شہریت کے قانون کے خلاف نئی دہلی میں احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر بھارتی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے غنڈوں نے حملہ کیا جس کے بعد نئی دہلی میں فسادات پھوٹ پڑے ہیں۔
بھارتی دارالحکومت میں ہونے والے فسادات میں 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متعدد زخمی ہیں، اس دوران ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ مساجد کو بھی نقصان پہنچایا۔