کھیل
Time 26 فروری ، 2020

کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپکس مقابلے منسوخ ہونے کا امکان

فوٹو: فائل

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 24 جولائی 2020 سے شروع ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ ہونے کا امکان ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے سینئر ممبر نے بیان جاری کیا ہے کہ  اگر ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں کورونا وائرس کے خطرات کا زیادہ شبہ ہوگا تو  مقابلے ملتوی کرنے یا جگہ تبدیل کرنے کی بجائے منسوخ کر دیے جائیں گے۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے اولمپکس مقابلے منسوخ کرنے کے معاملے پر غور کرنا شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل موبائل انڈسٹری کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) 2020 کورونا وائرس کے خوف سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

موبائل ورلڈ کانگریس 2020 کا انعقاد 24 تا 27 فروری اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونا تھا جس میں دنیا بھر سے اسمارٹ فون اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو شرکت کرنا تھی لیکن یہ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے نہیں ہوسکا۔

خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2700 سے تجاوز کرچکی ہے۔

چین کے بعد کورونا وائرس جنوبی کوریا میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں 60 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 900 کے قریب پہنچ گئی ہے۔

اس صورت حال کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہے،کورونا سے متعلق غریب ممالک کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

مزید خبریں :