26 فروری ، 2020
بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور مدارس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند کی جانب سے صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس سے حفاظتی اقدام اور بچوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد بلوچستان میں پاک ایران سرحد بند کردی گئی ہے جب کہ ایران سے آنے والے 250 زائرین کو تفتان میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آچکے ہیں ایک مریض کا تعلق کراچی سے ہے جب کہ دوسرے متاثرہ شخص کی تشخیص اسلام آباد میں ہوئی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق پاکستان میں سامنے آنے والے دونوں متاثرہ افراد نے گذشتہ دنوں ایران کا سفر کیا ہے۔