Time 26 فروری ، 2020
دنیا

کورونا: چین میں مزید 76 ہلاکتیں، اٹلی یورپ کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک

فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس سے چین میں مزید 76 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ اٹلی یورپ کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا جہاں ہلاکتیں 10 سے تجاوز کر گئی ہیں۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 76 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 715 ہو گئی ہے۔

ایران

ایرانی حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث 19 افراد کی ہلاکت تصدیق کی گئی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 44 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 139 اور  ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

ایرانی محکمہ صحت کے ترجمان نے شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اٹلی

یورپ میں اٹلی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہے جہاں اموات کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 374 ہے۔ اٹلی میں ہلاک ہونے والے تمام افراد یا تو بوڑھے شہری تھے یا پھر انہیں پہلے ہی صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔

جنوبی کوریا

اس کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی کورونا وائرس کے باعث 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ سیئول میں تعینات ایک امریکی فوجی میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

فوٹو: اے ایف پی

اٹلی کا شمالی علاقہ کوڈونگو سب سے زیادہ متاثرہ ہوا ہے جہاں اسکولوں اور دکانوں کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ بسیں بھی اس علاقے میں نہیں روکی جا رہیں۔

قرنطینہ کے باعث 50 ہزار نفوس پر مشتمل کوڈونگو کو اٹلی کا ووہان قرار دیا جا رہا ہے۔

اٹلی کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ہم ایسے وائرس کے بارے میں بات کر رہے ہیں جس کے لیے سرحدوں کی بھی کوئی قید نہیں ہے۔

مزید خبریں :