پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

بلوچستان کے بعد سندھ کے بھی تعلیمی اداروں میں 2 روزہ تعطیل کا اعلان

صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے جمعرات اور جمعے کو بند رہیں گے: وزیرتعلیم سندھ سعید غنی— فوٹو:فائل

کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے صوبے بھر میں 2 روز کے لیے تعلمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا۔

ملک میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کے بعد بلوچستان حکومت نے 15 مارچ تک تعلیمی ادارے بند کردیے ہیں۔

تاہم اب صوبہ سندھ میں بھی تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ٹوئٹ میں کہا کہ صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے جمعرات اور جمعے کو بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ صوبائی وزیرتعلیم نے اپنی ٹوئٹ میں چھٹی کی وجوہات نہیں بتائی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ کیسز کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

کراچی کے 22 سالہ یحییٰ جعفری میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ اسلام آباد سے تشخیص ہونے والے مریض کی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے اور دونوں کو آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں :