پاکستان
Time 28 فروری ، 2020

’موسیقار بھی بھارت میں قتل و غارت پر آواز اٹھانے لگیں تو دنیا پر بیداری واجب ہوجاتی ہے‘

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب ایک موسیقار بھی بھارت میں جاری قتل و غارت پر آواز بلند کرنے لگ جائیں تو دنیا پر بیداری واجب ہوجاتی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’جب وہ موسیقار جنہوں نے فروغِ امن کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائے رکھا، بھی ہندوستان میں جاری قتل و غارت گری پر آواز بلند کرنے لگ جائیں تو دنیا پر بیداری واجب ہوجاتی ہے‘۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’اقوام عالم اپنا فرض نبھائیں اور بھارتی بربریت کا فوری نوٹس لیں، تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑا ہونے کا یہی وقت ہے‘۔

خیال رہے کہ لندن میں مشہور موسیقار راجر واٹرز نے متنازع شہریت قانون متعارف کرانے پر بھارتی حکومت پر تنقید کی ہے۔

انہوں نے ایک ویڈیو میں دہلی کی جامعہ ملیہ کے طالبعلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ طالبعلم مودی کے فاشسٹ نسل پرست قانون کیخلاف کھڑاہے۔

وزیراعظم عمران خان نے راجر واٹرز کی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور کہا کہ اقوام عالم اپنا فرض نبھائیں اور بھارتی بربریت کا فوری نوٹس لیں۔

خیال رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے فسادات میں مر نے والوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے جبکہ 350 زخمی ہیں اور ان میں سے اکثریت مسلمانوں کی ہے۔

نئی دہلی میں نافذ دفعہ 144 میں 10 گھنٹے نرمی کافیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے متاثرہ علاقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا ہے۔

متنازع شہریت کا قانون

11 دسمبر 2019 کو بھارتی پارلیمنٹ نے شہریت کا متنازع قانون منظور کیا تھا جس کے تحت پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان سے بھارت جانے والے غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔

اس قانون کے ذریعے بھارت میں موجود بڑی تعداد میں آباد مسلمان بنگلا دیشی مہاجرین کی بے دخلی کا بھی خدشہ ہے۔

بھارت میں شہریت کے اس متنازع قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ہر مکتبہ فکر کے لوگ احتجاج میں شریک ہیں۔

پنجاب، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش سمیت کئی بھارتی ریاستیں شہریت کے متنازع قانون کے نفاذ سے انکار کرچکی ہیں جب کہ بھارتی ریاست کیرالہ اس قانون کو سپریم کورٹ لے گئی ہے۔

مزید خبریں :