Time 28 فروری ، 2020
پاکستان

خوف نہ پھیلائیں، صحت مند افراد کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں: مرتضیٰ وہاب

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحول اور موسمیاتی تبدیلی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صحت مند افراد کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں، درخواست ہے کہ خوف و ہراس نہ پھیلائیں، ماسک وہ لوگ لگائیں جو متاثر ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں میں مزید کوئی اضافہ نہیں ہوا، کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے اہلخانہ محفوظ ہیں اور انہیں گھر بھیج دیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ جنوری سے اب تک سندھ سے ایک ہزار 419 لوگ ایران گئے تھے جن میں سے 952 افراد ایران سے سندھ واپس آچکے ہیں جبکہ 650 افراد کو ٹریس کر لیا گیا ہے اور ان میں سے زیادہ تر لوگوں کا ٹیسٹ کیا جاچکا ہے، وہ کورونا سے متاثر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منافع خوروں نے ماسک کی قیمتیں بڑھانے کی کوشش کی، ماسک ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پیر کو تمام اسکولز کھول دیئے جائیں گے، اسکولز بندکرنے کا فیصلہ احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا تھا، 36 گھنٹوں میں مثبت پیشرفت ہونے کا امکان ہے۔

اس دوران پریس کانفرس میں موجود ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا تھا کہ سرجیکل ماسک وہی شخص لگائے جو متاثرہ لوگوں کو دیکھنے جا رہا ہے، اگر کسی فیملی کا کوئی شخص متاثر ہے تو اس کے ساتھ بس ایک تیمار دار جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ گلوبل ایمرجنسی ہے، اس پر خوف پیدا نہیں کرنا چاہیے، ماسک پر خوف پھلایا گیا اور این 95 ماسک کو لازمی قرار دیا جانے لگا جوکہ غلط ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے ایک کراچی اور دوسرا اسلام آباد میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ دونوں متاثرہ افراد نے ایران کا سفر کیا تھا۔

سعودی عرب نے تاحکم ثانی وزٹ ویزے اور عمرے پر آنے والوں پر پابندی لگادی ہے جبکہ پاکستان نے بھی ایران کے ساتھ براہ راست پروازیں تاحکم ثانی معطل کردی ہیں۔

مزید خبریں :