29 فروری ، 2020
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں جہاں سنسنی خیز میچز کی وجہ سے شائقین کی دلچسپی بڑھ رہی ہے وہیں ایک غیر ملکی جوڑا بھی سب کی نگاہوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔
پی ایس ایل کے مقابلے اِس وقت عروج پر پہنچ چکے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ شائقین کی دلچسپی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔
سیزن میں سنسنی خیز میچز کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ان میچز میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی بھی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے جبکہ کھلاڑیوں کے ساتھ خاتون پریزینٹیٹر ایرن ہالینڈ بھی سب کی توجہ کا مرکز بن چکی ہیں جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر بین کٹنگ کی منگیتر ہیں۔
ایک طرف بین کٹنگ میچز میں چھکے لگارہے ہیں اور انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں خود کو فنشر کے طور پر منوایا اور پھر گزشتہ شب بین کٹنگ نے دوبارہ کمال کر دکھایا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف آخری اوور میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی دلائی اور 17 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 42 رنزبنائے۔
دوسری جانب ان کی منگیتر اور سابق مِس ورلڈ، پاکستان سپر لیگ کی پریزینٹر ایرن ہالینڈ اپنے اسٹائل کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔
گزشتہ روز ایرن ہالینڈ نے کوئٹہ اور اسلام آباد کے میچ سے قبل اپنے ہی منگیتر بین کٹنگ کا انٹرویو کیا جسے شائقین نے بہت پسند کیا اور اسی میچ میں بین کٹنگ نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں سرفہرست ہیں۔