Time 29 فروری ، 2020
پاکستان

امریکا سے معاہدے میں کامیابی یہ ہے ملک سے غیرملکی قبضہ ختم ہوجائےگا، سہیل شاہین

پرامن حل کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں: ترجمان افغان طالبان— فوٹو:فائل 

افغان طالبان کے قطر میں سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے امریکا سے امن معاہدے کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ ہماری کامیابی یہ ہے کہ  ہمارے ملک سے غیرملکی قبضہ ختم ہوجائے گا۔

قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا بات چیت کے ذریعے مان گیاکہ افغانستان سےنکل جائےگا، بین الافغان بات چیت کے ذریعے مستقبل کی حکومت پر بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پرامن حل ہے، دونوں نے اس پر اتفاق کیا ہے اور ہماری کامیابی یہ ہےکہ ہمارے ملک سے غیرملکی قبضہ ختم ہوجائے گا۔

سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ امریکا کے لیے بھی اطمینان ہےکہ مستقبل میں افغان سرزمین ان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، معاہدے میں کسی کا نام نہیں بلکہ یہ ہےکہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی اور ہم اِس عزم پر قائم ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پرامن حل کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ خلیجی ملک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک تقریب کے دوران افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہد ہوا ہے۔

افغان طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر اور امریکاکی جانب سے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے معاہدے پر دستخط کیے۔

دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا جب کہ اس کے جواب میں طالبان کو ضمانت دینی ہے کہ افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال نہیں آنے دیں گے۔

مزید خبریں :