29 فروری ، 2020
چین میں کورونا وائرس سے مزید 47 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 2835 ہوگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں مہلک وائرس کے مزید 433 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہزار 257 ہوگئی۔
کورونا وائرس نے چین میں مزید 47 زندگیاں نگل لی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2835 ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق چین میں اب تک متاثرہ افراد میں سے 39 ہزار 301 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 37 ہزار 121 افراد زیرعلاج ہیں اور 7 ہزار سے زائد کی حالت تشویشناک ہے۔
چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک جنوبی کوریا ہے جہاں آج 813 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
جنوبی کوریا میں مہلک وائرس سے مزید ایک شخص کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی۔
یورپی ملک اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 8 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 29 ہوگئی ہے۔
یورپی ملک میں مزید 239 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 1128 ہوچکی ہے۔
شمالی اٹلی کے مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیز اب بھی بند ہیں اور مزید ایک ہفتہ بند رہیں گے۔
پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران میں کورونا وائرس سے مزید 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد یہ تعداد 40 سے تجاوز کرچکی ہے۔
مہلک وائرس سے چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران میں رپوٹ ہوئی ہیں۔
ایران میں مزید 205 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 593 ہوگئی ہے۔
جاپان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 8 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 241 ہوگئی ہے۔ جاپان میں اب تک 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
خلیجی ملک قطر میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے اور 36 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 36 سالہ مریض حال ہی میں ایران سے قطر پہنچا تھا جسے وائرس کی تصدیق کے بعد نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
امریکا میں بھی کورونا وائرس سے پہلا مریض جان کی بازی ہارگیا ہے، رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست واشنگٹن میں مریض کی ہلاکت ہوئی جو کہ امریکا میں مہلک وائرس سے پہلی موت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے حکام نے مریض کی ہلاکت کی خبر جاری کی تاہم مریض سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
امریکا میں ہی مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 66 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ اسپین میں 17، فرانس میں 16 اور جرمنی میں 5 افراد میں کورونا وائرس سے کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیال رہے پاکستان میں بھی مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔