Time 28 فروری ، 2020
دنیا

ایران میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاکتیں، تعداد 34 تک جاپہنچی


ایران میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 34 تک پہنچ گئی ہے۔ فوٹو فائل: رائٹرز

ایران میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 34 تک پہنچ گئی ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے مزید 8 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 34 ہوگئی ہے۔

ایران کی وزارتِ صحت کے ترجمان ’خیانوش جہانپور‘ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 143 افراد میں وائرس کی تصدیق کی جاچکی ہے جس کے بعد ایران میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 388 ہوگئی ہے۔

ایران میں وائرس کا پہلا کیس شہر ’قم‘ میں 19 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ہی دن میں وائرس سے متاثرہ افراد کے اتنے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیانوش جہانپور نے مزید بتایا کہ نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے 64 ایران کے دارالخلافہ ’تہران‘ میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اب تک یہ خطرناک وائرس ایران کے 24 صوبوں میں پھیل چکا ہے۔

چین سے باہر ایران وہ ملک ہے جہاں اس خطرناک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ فوٹو فائل: اے پی

چین سے باہر ایران وہ ملک ہے جہاں اس خطرناک وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

علاوہ ازیں ایران کے اعلیٰ حکام میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں  ایران کے نائب صدور میں سے ایک معصومہ ابتکار ، نائب وزیرِ صحت ارج ہریرجی اور  ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ امور کے صدر‘مجتبیٰ ذوالنور‘ بھی شامل ہیں۔

فوٹو: اسکرین گریب

چین میں آج کورونا وائرس کے مزید 335 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 44 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جس کے بعد چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 2788 ہوگئی ہے جبکہ 36430 افراد وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ 

مزید خبریں :