دنیا
Time 02 مارچ ، 2020

شمالی کوریا کے رواں سال کے پہلے میزائل تجربے

فوٹو: بشکریہ بی بی سی

سیول: شمالی کوریا نے دو میزائل تجربے کیے ہیں جو رواں سال کے پہلے تجربے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے تجربوں کے حوالے سے کچھ مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوسکی ہیں اور انہیں نامعلوم پروجیکٹس کا نام دیا جارہا ہے۔

تاہم جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس نے دعویٰ کیا ہےکہ شمالی کوریا نے شارٹ رینج بیلسٹک میزائلوں کے تجربے کیے ہیں۔

برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ شمالی کوریا نے دونوں میزائل جاپانی سمندر کی طرف فائر کیے۔

شمالی کوریا کی جانب سے آخری میزائل تجربہ گزشتہ سال نومبر میں کیا گیا جس کے بعد یہ تجربے سال 2020 کے پہلے میزائل تجربے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے یہ میزائل تجربے ایسے وقت میں کیے جب امریکا اور جنوبی کوریا نے کورونا وائرس کی وجہ سے مشترکہ فوجیں مشقیں منسوخ کردی ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق رواں سال کے آغاز پر شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے کہا تھا کہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان بات چیت کا سلسلہ رکنے کے بعد وہ ایٹمی اور لانگ رینج میزائل تجربوں کی معطلی ختم کررہے ہیں۔

کم جونگ نے عالمی برداری کو دھمکی دی تھی کہ دنیا مستقبل قریب میں نئے اسٹریٹیجک ہتھیار دیکھے گی۔

واضح رہےکہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان ایٹمی پروگرام پر ہونے والے مذاکرات اچانک تعطل کا شکار ہیں، 2018 میں امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے حوالے سے سنگاپور میں تاریخی ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد کم جونگ اور ٹرمپ 2019 میں ویتنام میں بھی ملے تاہم بغیر کسی معاہدے کے بات چیت کا سلسلہ ختم ہوگیا۔

شمالی کوریا پر سلامتی کونسل کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے تجربے کرنے پر پابندی عائد ہے۔

مزید خبریں :