10 اگست ، 2019
سئیول: شمالی کوریا نے ایک بار پھر بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا جو ہفتے کے دوران پانچواں تجربہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کےمطابق شمالی کوریا نے مختصر ہدف تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے میزائل تجربوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا جارہا ہے۔
برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ میزائل تجربے مشرقی شہر ہم ہونگ کی جانب سے کیے گئے جو شمالی کوریا کے مشرقی حصے میں جاپانی ساحل میں جاکر گرے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میزائلوں نے زیادہ سے زیادہ 48 کلو میٹر کی رفتار سے 400 کلو میٹر تک پرواز کی۔
شمالی کوریا کی جانب سے یہ میزائل تجربے ایسے وقت میں کیے گئے جب امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی طرف سے ایک بہت خوبصورت خط ملا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کم جونگ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں سے خوش نہیں ہیں۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کم جوانگ اُن کا خط بہت مثبت ہے، ہماری شاید ایک اور ملاقات ہوگی، انہوں نے واقعی بہت اچھا خط لکھا جو شروع سے آخر تک بہت خوبصورت ہے۔
شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ مشقیں صدر ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے صدر کے درمیان معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔