زرداری، گیلانی اور نوازشریف کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر

فائل فوٹو

اسلام آباد: نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت 5 ملزمان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر ریفرنس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور عبدالغنی مجید کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔

نیب ریفرنس میں کہا گیا ہےکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری اور نواز شریف کو فائدہ پہنچایا، آصف زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ سے تحفہ میں ملنے والی گاڑیاں حاصل کیں جو  اصل قیمت کی 15 فیصد ادائیگی کر کے حاصل کی گئیں۔

ریفرنس کے مطابق آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور متحدہ عرب امارات سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں، سابق صدر نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔

ریفرنس میں مزید کہا گیا ہےکہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے، ان کو 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیئے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی۔

ریفرنس میں استدعا کی گئی ہےکہ ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے  لہٰذا ان کا قانون کے مطابق ٹرائل کر کے سخت سزا سنائی جائے۔

مزید خبریں :